ناحوم ناحوم, باب ناحوم کی نبوت, باب 1
نینوہؔ کی بابت نبُوّت۔ ناحُومؔ القوشی کی رُویا کی کِتاب۔
نینوہؔ کے خِلاف یَاہوِہ کا قہر
یَاہوِہ غیّور ہیں اَور اِنتقام لینے والے خُدا ہیں؛
یَاہوِہ اِنتقام لیتے ہیں اَور غضب سے معموُر ہیں۔
یَاہوِہ اَپنے مُخالفوں سے اِنتقام لیتے ہیں
اَور اَپنے دُشمنوں کے خِلاف اَپنے قہر کو نازل کرتے ہیں۔خرو 20:5; یہو 24:19
یَاہوِہ قہر کرنے میں دھیمے اَور قُوّت میں غنی ہیں؛
یَاہوِہ مُجرم کو بے سزا نہ چھوڑیں گے۔
اُن کی راہ بگُولہ اَور گِردباد میں سے ہوکر گُزرتی ہے
اَور بادل اُن کے پاؤں کی گَرد ہیں۔زبور 86:5; ایو 5:18
وہ سمُندر کو ڈانٹتے ہیں اَور اُسے سُکھا دیتے ہیں؛
وہ سَب دریاؤں کو سُکھا دیتے ہیں۔
باشانؔ اَور کرمِلؔ سُوکھ جاتے ہیں
اَور لبانونؔ کی کونپلیں مُرجھا جاتی ہیں۔یشع 50:2
اُن کے سامنے پہاڑ کانپتے ہیں
اَور ٹیلے پگھل جاتے ہیں۔
اُن کے سامنے تمام دُنیا
اَور اُن میں رہنے والے تھرتھراتے ہیں۔خرو 19:18; است 32:22; زبور 97:5
اُن کے قہر کا سامنا کون کر سکتا ہے؟
اَور کون اُن کے ہیبت ناک غضب کو برداشت کر سَکتا ہے؟
اُن کا غُصّہ آگ کی طرح نازل ہوتاہے؛
اُن کے سامنے چٹّانیں لرز جاتی ہیں۔مکاش 6:17; پید 19:24; است 32:22
یَاہوِہ بھلےہیں اَور،
مُصیبت میں پناہ گاہ ہیں۔
جو اُن پر توکّل رکھتے ہیں، وہ اُن کی فکر کرتے ہیں،زبور 1:6; 2 تیمت 2:19
لیکن وہ ایک بڑے سیلاب سے
نینوہؔ کو تباہ کر دیں گے؛
وہ اَپنے دُشمنوں کو تاریکی میں کھدیڑ دیں گے۔
یَاہوِہ کے خِلاف جو بھی منصُوبہ باندھیں گے
وہ اُسے مٹا دیں گے؛
مُصیبت دوبارہ نہ آئے گی۔
کیونکہ چاہے اُن کے دُشمن اُلجھے ہُوئے کانٹوں کی مانند پیچیدہ
اَور اَپنی مَے سے متوالے ہوں؛
تَو بھی وہ سُوکھنے کھونٹوں کی طرح جَل کر بھسم ہو جایٔیں گے۔یشع 9:18
اَے نینوہؔ، تُجھ میں سے ایک شخص نِکلا ہے،
جو یَاہوِہ کے خِلاف بُرے منصُوبہ باندھتا ہے
اَور بُرائی کی سازش کرتا ہے۔
یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں:
اگرچہ اُن کے مددگار بے شُمار ہیں،
تو بھی وہ نِیست و نابود کر دئیے جایٔیں گے اَور وہ مِٹ جایٔیں گے۔
اَے یہُوداہؔ، اگرچہ مَیں نے تُجھے بہت ستایا ہے،
تو بھی پھر کبھی مَیں تُجھے اَور دُکھ نہ دُوں گا۔
اَب مَیں تمہاری گردن پر رکھے اُن کا جُوا توڑ ڈالُوں گا
اَور تمہاری بِیڑیوں کو ٹکڑے ٹکڑے کر دُوں گا۔یرم 27:2
اَے نینوہؔ، تمہاری بابت یَاہوِہ نے ایک حُکم دیا ہے،
تمہاری نَسل باقی نہ رہے گی،
میں تمہاری کھودی ہُوئی مورتوں اَور ڈھالے ہُوئے بُتوں کو
جو تمہارے معبُودوں کے بُت خانوں میں رکھی ہیں، تباہ کر دُوں گا۔
چونکہ تُو نکمّا ہے،
اِس لئے میں تمہاری قبر کھودوں گا۔2 سلا 19:37
اُن پہاڑوں کی طرف نظر اُٹھاکر،
اُس کے پاؤں کو دیکھ جو خُوشخبری لاتا،
اَور سلامتی کا اعلان کرتا ہے!
اَے یہُوداہؔ، اَپنی عیدیں منا،
اَور اَپنی مَنّتیں پُوری کر۔
کیونکہ پھر بدکار تُجھ پر حملہ نہ کریں گے؛
کیونکہ وہ مُکمّل طور سے فنا کر دئیے جایٔیں گے۔یشع 52:7; روم 10:15