ایوایوب ایوب, باب ایوب کی کتابایوب, باب 12

ترجمه‌ها مقایسه

ایُّوب

تَب ایُّوب نے جَواب دیا:

”بے شک تُم ہی وہ لوگ ہو،

جو حِکمت کو ساتھ لے کر مروگے!

میں بھی تمہاری طرح سمجھ رکھتا ہُوں؛

میں تُم سے کسی طرح کم نہیں۔“

بھلا یہ سَب باتیں کون نہیں جانتا؟

”میں اَپنے دوستوں کے لیٔے مذاق بَن چُکا ہُوں،

حالانکہ خُدا میری فریاد سُن کر جَواب دیتے رہے؛

لیکن مَیں راستباز اَور بےگُناہ ہوتے ہُوئے بھی لوگوں کی ہنسی کا باعث بنا رہا!“ایو 17:6

آسُودہ لوگ بدنصیبی کو حقارت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

وہ اُن کی قِسمت میں لکھی ہُوئی ہے جِن کے قدم پھسلتے رہتے ہیں۔

ڈاکوؤں کے خیموں کو کویٔی نہیں چھیڑتا،

اَورجو لوگ خُدا کو غُصّہ دِلاتے ہیں وہ محفوظ رہتے ہیں،

اُن کا معبُود گویا اُن کے ہاتھ میں ہے!ایو 21:7; زبور 73:3; یرم 12:1

”جانوروں سے پُوچھو اَور وہ تُمہیں سکھائیں گے،

یا ہَوا کے پرندوں سے مَعلُوم کرو اَور وہ تُمہیں بتائیں گے؛

یا زمین سے پُوچھو تو وہ تُمہیں سِکھائے گی،

سمُندر کی مچھلیاں تُمہیں بتائیں گی۔

اِن سَب میں سے کون ہے جو نہیں جانتا،

کہ یہ سَب یَاہوِہ کے ہاتھ کے کام ہیں؟امثا 16:4; عاموس 3:6

ہر مخلُوق کی زندگی

اَور تمام بنی آدمؔ کا دَم اُن کے ہاتھ میں ہے؟اعما 17:28

کیا کان باتوں کو نہیں پرکھ لیتا،

جَیسا کہ زبان کھانے کو چکھ لیتی ہے؟ایو 34:3

کیا، عمر رسیدہ میں حِکمت نہیں پائی جاتی؟

کیا طویل عمر سمجھ کو پُختہ نہیں کرتی؟ایو 15:10

”خُدا حِکمت اَور قُدرت کے مالک ہیں؛

مصلحت اَور دانائی بھی اُن ہی کی ہے۔

جسے اُنہُوں نے ڈھا دیا، اُسے کویٔی دوبارہ کھڑا نہیں کر سَکتا؛

جسے اُنہُوں نے قَید کیا، اُسے کویٔی آزاد نہیں کر سَکتا۔یشع 22:22; مکاش 3:7

اگر وہ مینہ روک دیں تو سُوکھا پڑ جاتا ہے؛

اَور اگر وہ اُسے برساتے رہیں تو زمین تباہ ہو جاتی ہے۔پید 7:11

قُوّت اَور حِکمت خُدا کے ہاتھ میں ہے؛

فریب کھانے والا اَور فریبی دونوں اُن ہی کے ہیں۔

وہ مُشیروں کو بے نقاب کرتے ہیں

اَور مُنصِفوں کو بےوقُوف بناتے ہیں۔یشع 29:14

وہ بادشاہوں کے کمربند اُترواکر

اُنہیں لنگوٹ پہناکر غُلام بنا دیتے ہیں۔

وہ کاہِنوں کے کپڑے اُترواکر اُنہیں جَلاوطن کر دیتے ہیں

اَور جابروں کو نیچا دِکھانے ہیں۔

وہ مُعتبر مُشیروں کے لب سِی دیتے ہیں

اَور بُزرگوں کی بصیرت چھین لیتے ہیں۔2 تھس 2:11

وہ اُمرا پر ذِلّت برساتے ہیں

اَور زور آوروں کو خالی ہاتھ کر دیتے ہیں۔یشع 28:15

وہ اَندھیروں میں چُھپے ہُوئے راز آشکار کرتے ہیں،

اَور گہرے سایوں کو رَوشنی میں لاتے ہیں۔

وہ قوموں کو عظمت عطا فرماتے ہیں اَور وُہی اُنہیں تباہ کرتے ہیں؛

وہ قوموں کو وسعت بخشتے ہیں اَور وُہی اُن میں انتشار پیدا کر دیتے ہیں

وہ دُنیا کے رہنماؤں کے ذہن کند کر دیتے ہیں؛

وہ اُنہیں بے راہ بیابان میں بھٹکا دیتے ہیں۔زبور 76:12

وہ اَندھیرے میں چراغ کے بغیر ٹٹولتے پھرتے ہیں؛

اَور اُنہیں متوالوں کی طرح لڑکھڑاتے رہنے پر مجبُور کر دیتے ہیں۔یشع 29:9; یشع 59:10