زبورمزمور زبورمزامیر, زبورمزمور زبور کی کتابمزامیر, زبورمزمور 40

ترجمه‌ها مقایسه

موسیقی ہدایت کار کے لیٔے۔ داویؔد کا زبُور۔

میں صبر سے یَاہوِہ کا منتظر رہا؛

اُنہُوں نے میری طرف توجّہ فرمائی اَور میری فریاد سُنی۔

اُنہُوں نے مُجھے ہولناک گڑھے،

اَور کیچڑ اَور دلدل سے باہر کھینچ لیا؛

اُنہُوں نے میرے پاؤں چٹّان پر رکھے

اَور کھڑے رہنے کے لیٔے مضبُوط جگہ دی۔ایو 30:19; لوق 6:48

یَاہوِہ نے ہمارے خُدا کی سِتائش کا نیا نغمہ،

میرے مُنہ میں ڈالا۔

کیٔی لوگ یہ دیکھیں گے، اَور ڈریں گے

اَور یَاہوِہ پر توکّل کریں گے۔زبور 33:3; مکاش 5:9

مُبارک ہے وہ آدمی

جِس کا توکّل یَاہوِہ پر ہے،

وہ مغروُروں اَور اُن لوگوں کی طرف مائل نہیں ہوتا،

جو جھُوٹے معبُودوں کی طرف مائل ہو جاتے ہیں۔زبور 2:12; امثا 16:20; یرم 17:7

اَے یَاہوِہ، میرے خُدا!

آپ نے کیٔی عجِیب کارنامے کئے ہیں۔

جو تدبیریں آپ نے ہمارے لیٔے کی ہیں

اُنہیں کویٔی شُمار نہیں کر سَکتا؛

اگر مَیں اُن کا ذِکر کروں یا اُنہیں بَیان کرنا چاہُوں،

تو وہ اِس قدر زِیادہ ہیں کہ بَیان سے بھی باہر ہیں۔

آپ قُربانیاں اَور نذریں نہیں چاہتے،

لیکن آپ نے میرے کان کھول دئیے ہیں۔

سوختنی نذروں اَور خطا کی قُربانیوں کی آپ کو حاجت نہ تھی۔زبور 51:16

تَب مَیں نے کہا، ”اَے خُدا، دیکھئے مَیں حاضِر ہُوں؛

جَیسا کہ چمڑے کے نوشتے میں میری بابت لِکھّا ہُواہے۔یوح 5:46

اَے خُدا، آپ کی مرضی کو پُوری کرنا ہی میری خُوشی کا باعث ہے؛

کیونکہ آپ کے آئین میرے دِل میں ہے۔“یشع 50:5

میں بڑے اِسرائیلی مجمع میں صداقت کی بشارت دیتا ہُوں؛

میں اَپنا مُنہ بند نہیں کرتا،

اَے یَاہوِہ، یہ تو آپ کو مَعلُوم ہی ہے۔زبور 35:18

مَیں آپ کی راستبازی اَپنے دِل میں چھُپا کر نہیں رکھتا؛

مَیں آپ کی وفاداری اَور نَجات کا اِظہار کرتا ہُوں۔

مَیں آپ کی شفقت و مَحَبّت اَور آپ کی سچّائی کو

بڑے اِسرائیلی مجمع میں پوشیدہ نہیں رکھتا۔متی 12:35

اَے یَاہوِہ، اَپنی رحمت سے مُجھے محروم نہ رکھیں؛

آپ کی شفقت و مَحَبّت اَور آپ کی سچّائی ہمیشہ میری حِفاظت کریں۔

بے شُمار مُصیبتوں نے مُجھے گھیرلیا ہے؛ میرے گُناہوں نے مُجھے آ پکڑا ہے؛

یہاں تک کہ میں دیکھ نہیں سَکتا۔

میرے گُناہ میرے سَر کے بالوں سے بھی زِیادہ ہیں،

اَور میرا دِل میرے اَندر ٹوٹ چُکاہے۔زبور 31:10

اَے یَاہوِہ، براہِ کرم مُجھے جلد نَجات بخشیں؛

اَے یَاہوِہ، میری مدد کے لیٔے جلد آئیں۔زبور 22:19

جو میری جان کے درپے ہیں

وہ سَب شرمندہ اَور پریشان ہوں؛

اَورجو میری بربادی کے خواہاں ہیں

وہ سَب رُسوا ہوکر پسپا کئے جایٔیں۔زبور 35:4

وہ جو میرے دشمن مُجھ پر، ”آہ! آہ!“ کرتے ہیں!

وہ سَب اَپنی رُسوائی کے باعث تباہ کئے جایٔیں۔زبور 35:21

لیکن جو آپ کی جُستُجو میں ہیں

آپ میں خُوش و شادمان ہوں؛

اَورجو آپ کی نَجات کے مُشتاق ہیں وہ ہمیشہ یہ کہا کریں،

”یَاہوِہ عظیم ہیں!“

اَے خُداوؔند، میں تو مسکین اَور مُحتاج ہُوں؛

اِس لئے مُجھ پر نظرِکرم کریں۔

آپ ہی میرے مددگار اَور میرے چھُڑانے والے ہیں؛

”آپ میرے خُدا ہیں!“ اَب دیر نہ کریں۔زبور 70:5